کراچی: سائٹ ایریا نورس چورنگی کے قریب نجی کمپنی میں زکوۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے، سندھ حکومت نے لواحقین کیلیے فی کس پانچ لاکھ جبکہ ہر زخمی کو ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی بھی ہوئے، مرنے والوں میں سے اکثریت کی عمریں 40 سے 50سال کے درمیان ہیں۔
بھگدڑ مچنے سے نالے میں گرنے سے خواتین بھی جاں بحق ہوئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو عباسی اسپتال منتقل کیا کیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کہ مطابق ایف کے ڈائنگ کمپنی نے اپنے ملازمین کے اہلخانہ کو سائٹ ایریا میں واقع کمپنی کے احاطے میں زکوٰۃ کی تقسیم کے لیے مدعو کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک بڑی بھیڑ کے خوف سے کمپنی کے عملے نے دروازے بند کردیے جبکہ اندر لائن وغیرہ کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا جبکہ مقامی پولیس کو بھی اس کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ غفلت کے ارتکاب کے الزام میں کچھ ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے اور خواتین کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 6 خواتین بھی بے ہوش ہوگئی ہیں جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دو خواتین کی لاشیں سول ہسپتال کراچی بھیج دی گئیں۔