صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس اور سول متفرق درخواست واپس لینے کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 48 کے مطابق وزیراعظم کے مشورے پر اپنی منظوری دی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ انیس احمد شہزاد کے حق میں پاور آف اٹارنی پر بھی دستخط کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میری ہدایت پر حکومت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو پٹیشن واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بعد ازاں حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی سمری ارسال کردی۔