انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ آل راؤنڈر رینکنگ میں شاداب خان آٹھ درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
افغانستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں 100 ٹی 20 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بننے والے شاداب بھی بولرز کی فہرست میں مجموعی طور پر 6 درجے بہتری کے ساتھ 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ساتھی محمد وسیم اسی زمرے میں نو درجے ترقی کے ساتھ 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بگلادیش کے شکیب الحسن پہلے، بھارت کے ہاردک پانڈیا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔
افغانستان کی پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار فتح ان کے کئی اسٹارز کے لیے ایک نعمت ثابت ہوئی ہے اور ان کے بولرز نے آئی سی سی مینز ٹی 20 پلیئرز رینکنگ میں بڑی پیش رفت کی ہے۔
آئی سی سی نے اپنے بلاگ میں کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان نے پاکستان کو دو طرفہ ٹی 20 سیریز میں شکست دی ہے اور اسٹار اسپنر راشد خان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے کیونکہ انہوں نے سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر دنیا کے ٹاپ ٹی 20 بولر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
راشد نے پہلی بار 2018 میں ٹی 20 رینکنگ میں نمبر ایک بولر کی حیثیت سے ٹاپ بلنگ حاصل کی تھی اور اس کے بعد سے 24 سالہ راشد نے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں انتہائی مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے شارجہ میں پاکستان کے خلاف تین میچوں میں سے ہر ایک میں ایک وکٹ حاصل کی، سیریز کے پہلے دو میچوں کے دوران افغانستان کی دونوں فتوحات میں ان کا اکانومی ریٹ نمایاں رہا۔