لاہور: احتساب عدالت نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف دائرہ اختیار نہ ہونے کی وجہ سے ریفرنس کالعدم قرار دیتے ہوئے نیب کو واپس بھیج دیا۔
پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی بریت کی درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) میں ترمیم نے ایسے ریفرنسز پر کارروائی سے روک دیا ہے۔
سماعت کے دوران خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل ہاؤسنگ سوسائٹی میں نہ تو شیئر ہولڈر ہیں اور نہ ہی کوئی عہدہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب اس کیس میں ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے اور عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں بری کیا جائے۔
مئی 2019 میں نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ بھائی عمر ضیا، ندیم ضیا اور فرحان علی نے فراڈ کیا، جس سے ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں عوام کو 59 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔