اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے اپیل کی ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابات میں تاخیر سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت سے قبل سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد کی تین بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے اس کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی جائیں گی۔
پنجاب الیکشن کی تاریخ سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل کے تفصیلی اختلافی نوٹوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ان کے موقف کی تصدیق ہوتی ہے کہ سوموٹو کیس 4-3 سے خارج کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی فیصلے کا پابند نہیں ہے، ادارہ آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، انتخابی ادارے کو قانونی مشورہ دینا ان کا کام نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔
عدالت نے پنجاب اور کے پی کے گورنرز سے منگل کی صبح 11 بجے تک جواب طلب کرلیا۔