نگران پنجاب کابینہ نے مستحق خاندانوں میں 10 کلو کے بجائے 20 کلو آٹے کا تھیلا مفت تقسیم کرنے کی منظوری دے دی تاکہ لوگوں کو بار بار ڈسٹری بیوشن سینٹرز کے دورے کرنے سے بچایا جا سکے۔
اجلاس میں صوبے میں مفت آٹے کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس فیصلے پر رواں ماہ کی 29 تاریخ تک عمل درآمد کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 70 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران معاشرے کے غریب طبقے کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ہفتہ کو لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہر مستحق شخص کو مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے مفت آٹا نہ ملنے والے مستحق افراد کی فوری رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کی تقسیم کے مقامات پر فوری طور پر نادرا اور بی آئی ایس پی کے کاؤنٹر قائم کیے جائیں۔