وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان پاور شو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فاشسٹ عمران بھی اقتدار حاصل کرنے کے لیے مذموم عناصر کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئین، جمہوریت اور عوام کی امنگوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلط نہ کی جاتی تو 2018 میں پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن جاتا۔
پی ٹی آئی سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ فاشسٹ عمران بھی اقتدار کے لیے شیطانوں کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ دور حکومت نے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور قومی اتحاد کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے، پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے پاکستانیوں پر ریکارڈ غیر ملکی قرضوں کا بوجھ ڈالا۔
وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی خفیہ غیر ملکی فنڈنگ کو قومی مفادات کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، اس کا استعمال ملک میں نفرت پھیلانے، لوگوں کو گمراہ کرنے اور ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذاتی طاقت کے لئے پاکستان کو غلام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی سربراہ کو متنبہ کیا کہ انہیں دوبارہ کپتانی نہیں دی جائے گی۔