پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان گرفتاریوں کے معاملے پر عبوری پنجاب حکومت کے ساتھ کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی کشمکش کے بعد اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج مینار پاکستان پر پاور شو کریں گے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے اپنے حقیقی آزادی کے وژن کا خاکہ پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ آج کے جلسے میں شرکت کریں اور ایک آزاد قوم کے عوام کی حیثیت سے اپنے حق کا اظہار کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مینار پاکستان پر اپنا چھٹا جلسہ کرے گی, جس سے ان کے خیال میں تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا دل کہتا ہے کہ یہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا، میں لاہور میں سب کو نماز تراویح کے بعد شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ میں حقیقی آزادی کے بارے میں اپنا وژن پیش کروں گا اور بتائوں گا کہ ہم کس طرح پاکستان کو دھوکے بازوں کے جال سے باہر نکالیں گے۔
عمران خان نے سیاسی اجتماع میں شرکت کے عوام کے حق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت پارٹی کے حامیوں کو تقریب میں شرکت سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر سکتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی حاصل کرنے والے آزاد ملک کے لوگوں کی حیثیت سے ہر کسی کو اپنے حقوق کا اظہار کرنا چاہیے اور مینار پاکستان آنا چاہیے۔
دریں اثنا، پنجاب کے دارالحکومت کے حکام نے داخلی اور خارجی راستوں سمیت مختلف سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔