پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر ہونے والا عوامی اجتماع تشدد کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اپنی جماعت کے آئندہ اجتماع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہفتہ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج مجھے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کا سامنا کرنا پڑا، میں چیف جسٹس پر زور دینا چاہوں گا کہ وہ سخت کارروائی کریں، ملک کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم نے ایسی ناانصافی نہیں دیکھی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زمان پارک پر اس طرح حملہ کیا جیسے وہاں کوئی دہشت گرد رہتا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو کریک ڈاؤن کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس طرح کا کریک ڈاؤن کبھی نہیں دیکھا، یہاں تک کہ آمریت کے دور میں بھی۔
یہاں تک کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں بھی ملک میں اس طرح کا کریک ڈاؤن نہیں دیکھا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری بین الاقوامی مجرم ہیں۔