اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پانی کا بحران منڈلا رہا ہے اور ضرورت سے زیادہ پانی کے استعمال اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پانی کی قلت کا خطرہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا ‘حد سے زیادہ کھپت اور حد سے زیادہ ترقی’ کے خطرناک راستے پر اندھا دھند سفر کر رہی ہے۔
اس کی اشاعت 1977 کے بعد اقوام متحدہ کے پہلے بڑے آبی سربراہی اجلاس سے قبل ہوئی ہے۔
بدھ سے نیویارک میں شروع ہونے والے تین روزہ اجتماع میں ہزاروں مندوبین شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پانی کے غیر پائیدار استعمال، آلودگی اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے انسانیت کی جان کا خون بہہ رہا ہے۔