رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے قریب آتے ہی وزارت توانائی نے روزہ داروں کے لیے ایک بڑی راحت کا اعلان کیا ہے، جس میں سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وفاقی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس اوقات میں ماہ بھر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق متعلقہ حکام نے تمام آپریشنل انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور جامع حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سحری کے دو گھنٹے، افطار کے دوران ایک گھنٹہ اور تراویح کے دوران دو گھنٹے بجلی بند نہیں ہوگی۔
ٹرانسفارمر فیل ہونے کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمر دستیاب کرائے جائیں گے اور سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
اس حوالے سے پاور ڈویژن نے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے رسد اور طلب کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
وزارت نے بجلی فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کو بھی حکم پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آپریشنل سرکل لیول پر کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے۔