پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست دائر کردی۔
سیشن کورٹ میں مریم نواز، رانا ثناء اللہ، انسپکٹر جنرل پنجاب عثمان انور، سی سی پی او لاہور صدیق کامیانہ اور دیگر کے خلاف ریس کورس تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
تھانہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد درخواست گزار نے عدالت میں دفعہ 22 اے اور 22 بی کے تحت درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کے حکم پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
عرضی میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس سے اس واقعہ پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی تھی، لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔
ہفتہ کے روز پنجاب پولیس نے لاہور میں پی ٹی آئی کے سربراہ کے گھر پر دھاوا بول دیا اور تمام رکاوٹیں اور دروازے توڑ دیے، عمران خان کی عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانگی کے فورا بعد گھر کے اندر سرپرائز سرچ آپریشن شروع کر دیا۔