عمران خان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی جاری رکھنے کی اجازت مانگی تھی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ میں متعدد عدالتوں میں پیشی کے لیے عدالتوں سے ویڈیو لنک کی سہولت کی مسلسل درخواست کرتا رہا ہوں، کیونکہ اب میں 90 سے زائد مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔
معزول وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ حال ہی میں عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد پہنچنے پر ان کے قافلے کو کنٹینرز کے ذریعے ہر طرف پھنسا دیا گیا۔
عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہونے والے ان کے حامیوں کو احاطے میں تعینات پولیس اور رینجرز نے مشتعل کیا، جنہوں نے نہتے شہریوں اور پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور پتھراؤ کیا۔
Imran Khan Latter by Sindh Views on Scribd
انہوں نے کہا، جب میں کمپلیکس کے گیٹ سے آدھے راستے سے گزر رہا تھا تو پولیس نے بغیر کسی اشتعال کے میری گاڑی کے ارد گرد موجود کارکنوں پر حملہ کر دیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس موقع پر انہیں احساس ہوا کہ کچھ غلط ہو رہا ہے اور یہ میری گرفتاری نہیں تھی، بلکہ میرے قتل کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا، اس کی وجہ یہ تھی کہ ہمارے وکلاء کو کمپلیکس کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، تقریبا 20 یا اس سے زیادہ نامعلوم لوگوں (وردی میں نہیں تھے اور جن کی کوئی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی) کو اندر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔