پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں انتخابی مہم چلانے میں مبینہ مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ تاریخ قریب آنے کے باوجود عام انتخابات کے لئے ماحول کے سلسلے میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبے میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکام انہیں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔
اپنے زمان پارک کے گھر میں پولیس کارروائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ان کے گھر کے گیٹ اور دیواروں کو توڑ دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ہتھیار نہ اٹھائیں، انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی ملک میں انتشار نہیں بلکہ انتخابات چاہتی ہے، ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔