پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے، جبکہ دیگر اسکواڈ کے ارکان افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے 22 مارچ کو روانہ ہوں گے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 26 اور 27 مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے ارکان 21 مارچ کی شام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع ہوں گے اور اگلے روز روانہ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف 3 ون ڈے میچز کھیلنے تھے، لیکن پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی درخواست پر فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی، کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کبھی بھی بین الاقوامی ٹی 20 میچ میں افغانستان سے نہیں ہاری ہے اور امید ہے کہ وہ اپنا بہترین ریکارڈ برقرار رکھے گی۔