اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے اپریل میں پالیسی ریویو میں شرح سود میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک نوٹ میں کہا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اگلا اجلاس 4 اپریل کو شروع ہوگا اور فرم کو توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک اس اجلاس میں اپنی پالیسی ریٹ کو 100 بی پی ایس (بیسس پوائنٹس) بڑھا کر 21 فیصد کرے گا۔
کمپنی نے مختلف شعبوں سے رائے لے کر یہ جاننے کے لئے ایک سروے (پول) کیا کہ آنے والی مانیٹری پالیسی میں مارکیٹ کیا توقع کر رہی ہے۔
سروے کے نتائج کے مطابق، کل جواب دہندگان میں سے 57.7 فیصد کا خیال ہے کہ اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں اضافہ کرے گا، جس میں سے: 30.8 فیصد شرح سود میں 100 بی پی ایس کے اضافے کی توقع کر رہے ہیں، 26.9 فیصد 200 بی پی ایس کے اضافے کی توقع کر رہے ہیں.
تاہم کل جواب دہندگان میں سے 42.3 فیصد کا خیال ہے کہ پالیسی ریٹ 20 فیصد پر برقرار رہے گا۔