پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عام انتخابات کی وجہ سے شیڈول میں معمولی تبدیلی ہوگی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 13 اپریل سے 7 مئی تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی۔
تاہم 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کی وجہ سے شیڈول میں معمولی تبدیلی ہوگی۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اپنے وقت پر ہوگی، سیریز کا آغاز کراچی سے ہونا تھا جبکہ بعد میں لاہور اور راولپنڈی منتقل ہونا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اب اس میں کچھ تبدیلیاں ہوں گی، ہم اگلے ہفتے تفصیلات کا اعلان کریں گے۔