وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں چینی بینک آئی سی بی سی سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ہیں، اسحاق ڈار نے کہا کہ اس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
16 مارچ کو چینی آئی سی بی سی کی منظور شدہ 1.3 بلین امریکی ڈالر کی رول اوور سہولت (جسے پاکستان نے حالیہ مہینوں میں آئی سی بی سی کو واپس کیا تھا) میں سے وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو فنڈز کے اجراء کے لئے 500 ملین امریکی ڈالر کی دوسری تقسیم کے لئے دستاویزات مکمل کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے کیونکہ بین الاقوامی قرض دہندہ نے عملے کی سطح کے معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل ایک نئی شرط رکھی ہے۔
مبینہ طور پر ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کھولنے کے لیے تمام پیشگی شرائط پوری کرنے کے بعد پاکستان کو ایک اور رکاوٹ کا سامنا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف نے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دوست ممالک سے 30 جون تک فنانسنگ کی تحریری یقین دہانی طلب کی ہے۔
وزارت خزانہ کے عہدیداروں نے کہا کہ تحریری یقین دہانی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ میں متعلقہ دوست ممالک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی طرف سے فراہم کی جانی چاہئے۔
وزیراعظم آفس کے ساتھ مل کر وزارت خزانہ دوست ممالک سے تحریری یقین دہانی حاصل کرنے میں سرگرم ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکام کو امید ہے کہ جلد ہی تحریری یقین دہانی مل جائے گی۔