بھارتی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ہونے والے لارنس بشنوئی نے جیل میں رہتے ہوئے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ایک اور دھمکی دے دی ہے۔
لارنس بشنوئی نے مبینہ طور پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی برادری کالے ہرن کے قتل کے معاملے پر سلمان خان سے ناراض ہے، کیونکہ انہوں نے انہیں شرمندہ کیا ہے۔
بشنوئی نے اپنے بیان میں کہا کہ سلمان خان کے خلاف کالا ہرن مارنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے معافی نہیں مانگی، اگر وہ پھر بھی معافی نہیں مانگتے ہیں تو انہیں نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی نے سلمان خان پر زور دیا کہ وہ اپنے مذہبی گرو جمبیشور (جمبوجی) کے مندر جائیں اور معافی مانگیں، اگر ہماری جماعت اسے معاف کر دے تو میں اسے نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے، جب لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو دھمکی دی ہے، اس سے قبل گزشتہ سال بھی انہوں نے بالی ووڈ اداکار کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
سلمان خان کیس 1998 سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں دو نایاب کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان پر انڈین وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
اس معاملے میں نہ صرف سلمان خان بلکہ ان کے ساتھی اداکار سیف علی خان، سونالی بیندرے، نیلم اور تبو کو بھی قصوروار پایا گیا تھا۔
عدالت نے ناکافی شواہد کی بنا پر سلمان خان کے علاوہ تمام ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ بالی ووڈ سپر اسٹار کے علاوہ دو اور ملزمان کو بھی نایاب جانوروں کے شکار کا حصہ ہونے کا قصوروار پایا گیا۔
2018 میں جودھپور کی ایک عدالت نے سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی، لیکن بعد میں انہیں ضمانت مل گئی تھی، اب سلمان خان کے اس کیس سے متعلق تمام درخواستیں راجستھان ہائی کورٹ میں منتقل کردی گئی ہیں۔