نیوزی لینڈ میں تنخواہوں اور حالات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت تعلیم کے ساتھ یونین مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے بعد جمعرات کو تقریبا 50 ہزار اساتذہ ہڑتال پر چلے گئے۔
بہتر تنخواہ کا مطالبہ کرنے والے اساتذہ نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لکھا تھا کہ ڈینٹسٹ کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے اور اچھے اشارے پرنٹ کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
ایک روزہ ہڑتال کی وجہ سے ملک بھر میں کنڈر گارٹن کے ساتھ ساتھ پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کو بھی بند کرنا پڑا۔
ٹریڈ یونینوں نے بیان دیا ہے کہ حکومت کی تازہ ترین تنخواہ کی پیش کش مہنگائی سے مطابقت نہیں رکھتی اور اساتذہ کی کمی کی وجہ سے تعلیم کا شعبہ بحران کے دہانے پر ہے۔
پوسٹ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے کرس ایبرکرومبی نے کہا کہ معیاری تعلیم بنیادی انسانی حق ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ بطور اساتذہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس حق کو آہستہ آہستہ اور یقینی طور پر کمزور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجربہ کار عملے کو برقرار رکھنے اور گریجویٹس کی بھرتی کے لئے اساتذہ کی تنخواہوں اور کام کے حالات میں بہتری ضروری ہے۔
نیوزی لینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے صدر مارک پوٹر کا کہنا ہے کہ اساتذہ حکومت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم تبدیلی کی ضرورت کے بارے میں کتنے سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے طالب علموں کے لئے بہترین چاہتے ہیں، لیکن نظام میں تبدیلی کے بغیر ہم انہیں یہ نہیں دے سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم جان ٹینیٹی نے کہا کہ وہ اساتذہ کی ہڑتال دیکھ کر مایوس ہیں اور چاہتی ہیں کہ تنازعہ جلد حل ہو۔
نیوزی لینڈ میں زندگی گزارنے کی لاگت ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن چکی ہے، کیونکہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔
حالیہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ نیوزی لینڈ کی معیشت سکڑ رہی ہے، جس سے کساد کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔