خیبر پختونخواہ کے گورنر حاجی غلام علی نے صدر مملکت عارف علوی کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کے پی میں 28 مئی کو انتخابات کی تاریخ دے دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دعوت پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں پہنچ کر ملاقات کی، جس میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں کے درمیان آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر صدر عارف علوی نے مشورہ دیا کہ تقریباً 2 ہفتے گزر گئے، پیچیدگی سے بچنے کے لیے الیکشن کمیشن سے مشاورت کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔
صدر عارف علوی نے زور دیا کہ آئین نے مقررہ وقت میں انتخابات لازمی قرار دیے ہیں، سپریم کورٹ نے توثیق کی ہے، اس لیے مقررہ وقت میں انتخابات پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
گورنر حاجی غلام علی نے صدر سے ملاقات کے بعد خیبر پختونخواہ میں 28 مئی کو انتخابات کی تاریخ دے دی ہے۔