وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کو گرفتار کرنے سے گھبرا نہیں رہے، عمران خان کو خود کو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اعلی عدالتیں ترازو کے پلڑے برابر کریں، ججز کو سوشل میڈیا کے دباٶ سے بالاتر ہو کہ سوچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نظام چلانا ہے تو تمام اداروں کو اپنے اپنے کام کرنے ہوں گے، ہم عمران خان کو گرفتار کرنے سے گھبرا نہیں رہے اور ان کی گرفتاری کو دانستہ روک نہیں رہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت کسی کو بلائے تو اسے پیش ہونا چاہیے، اسلام آباد پولیس عمران خان کو لینے گئی لیکن طاقت کا استعمال نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک چلے گا تو عمران خان کی سیاست چلے گی، لوگوں کو چور کہنے سے آپ کا دامن صاف نہیں ہو سکتا۔