اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کیا۔
عمران خان نے آج سیشن کورٹ پیش نا ہونے کا فیصلہ کیا جس کے متعلق وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا۔
خواجہ حارث نے عمران خان کے آج عدالت میں پیش نہ ہونے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے فوجداری کارروائی قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا۔
عدالت میں آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے خواجہ حارث نے کہا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے بلکہ سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، عمران خان پر حملہ ہوا، جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔
عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی آج کی استثنیٰ سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو آج سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر سنایا جائے گا۔