قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یہ ایک اچھا فیصلہ ثابت ہوا، کیونکہ محمد اخلاق اور طیب طاہر نے دوسری وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کرکے کراچی کنگز کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
محمد اخلاق کو حارث رؤف نے 51 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ حسین طلعت نے طیب طاہر کی وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 31 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عمر نے تیسرے اوور میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے فارم میں موجود فخر زمان کو 13 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
عبداللہ شفیق کو بھی عاقف جاوید نے صرف دو رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ سیم بلنگز اور کامران غلام نے 11، 11 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، عاقف جاوید، محمد عمر اور عمران طاہر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حسین طلعت 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے اور پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔