کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدر میں 1.53 یا 0.54 فیصد کا اضافہ ہوا، مارکیٹ کے اختتام پر روپیہ 280.77 روپے پر بند ہوا۔
ایک روز قبل آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے معاہدے کی بحالی میں مزید تاخیر کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 3 روپے 18 پیسے کی کمی ہوئی تھی اور یہ 282 روپے 30 پیسے پر بند ہوا تھا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے بتایا کہ ڈالر کی رسد میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے طلب اور رسد مساوی ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج درآمدی طلب زیادہ نہیں ہے، تاہم ترسیلات زر اور برآمدی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ اپنی ادائیگیوں کو کیش کر رہے ہیں جو ایک مثبت رجحان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو آنے والے ہفتے میں پیر کو ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا تاہم ہفتہ شروع ہوتے ہی کچھ دباؤ ہوتا ہے۔