بلوچستان ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیے، اس سے پہلے کوئٹہ پولیس ان کی گرفتاری کیلئے لاہور پہنچی تھی۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ظہیر الدین کاکڑ نے عمران خان کی جانب سے انصاف لائرز فورم کے اقبال شاہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ جرم بجلی پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں کیا گیا تھا، اس لیے ایف آئی آر خارج کی جائے۔
کوئٹہ کی مقامی عدالت نے پاکستان پینل کوڈ اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعدد دفعات کے تحت درج مقدمے میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
آج کوئٹہ پولیس کی ٹیم پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچی تھی، جس نے مقامی پولیس سے عمران خان کی گرفتاری میں معاونت کی درخواست کی تھی۔