آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام کے عزم کو نہیں توڑ سکتے اور مسلح افواج صوبے میں امن کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات بلوچستان کے مقامی معززین، منتخب نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کے دوران کہی۔
آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی سیکیورٹی کے لیے آپریشنل تیاریوں اور پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل منیر نے تمام رینکس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی بھلائی کے لیے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
افغانستان اور ایران کی سرحد سے متصل صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر آرمی چیف کا ساحلی شہر کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔
رواں ہفتے کے اوائل میں سبی کے قریب ایک خودکش بمبار نے بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔