لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی 2 درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
ہائی کورٹ دو الگ الگ درخواستوں کی سماعت کرے گی، جن میں سے ایک پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف دائر کی گئی ہے اور دوسری درخواست جہاں پی ٹی آئی سربراہ عدالتی سماعتوں میں سیکیورٹی خطرات کی وجہ سے آن لائن شرکت کرنا چاہتے ہیں۔
آن لائن سماعت کی درخواست میں پی ٹی آئی سربراہ نے ہائی کورٹ سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات فراہم کرنے اور پاکستان کے آئین کے تحت ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی بھی درخواست کی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کو ان کے خلاف درج کیے گئے سیاسی محرکات پر مبنی جھوٹے مقدمات سے بچایا جانا چاہیے، جس کا واحد ایجنڈا انہیں بے نقاب کرنا ہے تاکہ وزیر آباد میں آخری قاتلانہ حملے سے بچنے کے بعد انہیں ایک بار پھر نشانہ بنایا جا سکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی درخواست میں عدالت کے احاطے میں موجود تمام افراد کے لیے سنگین خطرے کی بنیاد پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری ظاہر کرنے اور عدالتی کارروائی میں شرکت کی اجازت مانگی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ریاستی مشینری مذکورہ مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہتی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔