پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کی بحالی کے لیے ورچوئل مذاکرات ہوئے، جس کے دوران بین الاقوامی قرض دہندہ نے ملک کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان نے عملے کی سطح کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پیر کو ہونے والے ورچوئل اجلاس کے دوران کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ ورچوئل بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی مذاکرات کاروں نے آئی ایم ایف کے نمائندوں کو جون تک 10 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کے تخمینے کے بارے میں آگاہ کیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل ملاقاتیں 1.1 بلین ڈالر کی قسط کھولنے کے لئے اہم ہیں۔
اجلاس میں چین سے 1.3 ارب ڈالر کے کمرشل قرضے کی ری فنانسنگ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ قرضوں کی واپسی اور ممکنہ اضافی فنانسنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکڑوں لگژری اشیاء پر 25 فیصد جی ایس ٹی کے معاملے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان نے حال ہی میں آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے بجلی اور گیس سمیت یوٹیلیٹیز کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ 170 ارب ڈالر سے زیادہ کا منی بجٹ پیش کیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد اور این ڈی ایم اے کی ری ماڈلنگ سے متعلق اجلاس پیر کو فنانس ڈویژن میں ہوا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے زلزلے سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی فوری امداد کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرمین نے ترکی اور شام کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے ممکنہ مدد کے لیے فضائی، سڑک اور سمندری راستوں کے ذریعے کارگو پر مشتمل ایک جامع اور بروقت امدادی منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔
دریں اثنا وفاقی وزیر نے پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی۔ وزارت داخلہ نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک 45 لاکھ پاسپورٹس کے اجراء پر 26 ارب روپے سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری داخلہ اور دیگر نے شرکت کی۔