فلم اور ٹیلی ویژن کے معروف اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔
پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے والے سینئر اداکار اپنی بیماری کی وجہ سے ان دنوں کینیڈا میں اپنے بچوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔
ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کینسر میں مبتلا تھے اور کینیڈا میں ان کا علاج چل رہا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اداکار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قوی خان پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے پہلے اداکاروں میں سے ایک تھے جب اسے 1964 میں اس کے ڈرامے نذرانہ کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا۔
لیجنڈری اداکار نے مبینہ طور پر آج (اتوار) سینئر اداکار سہیل احمد سے فون پر بات کی تھی۔
انہیں ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی جانب سے ستارہ امتیاز، تین نگار ایوارڈز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
وزیرداخلہ راناثنااللہ کا عظیم اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری ایک تجربہ کار فنکار سےمحروم ہوگئی، قوی خان نے فن اداکاری میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔