صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ 30 اپریل پر پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل سے 7 مئی تک کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا، جس میں پر صدر نے پنجاب اسمبلی کے اتوار کے دن 30 اپریل کو انتخابات کی منظوری دیدی۔
صدر ڈاکٹر عارف کی جانب سے بھیجا گیا جوابی خط بھی الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے، پولنگ ڈے کے اعلان کے بعد انتخابی شیڈول پر کام کا آغاز ہوگیا ہے۔
انتخابی شیڈول 54دنوں پر محیط ہوگا اور پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔