سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقبال ضمانت وارنٹ کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ تک عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری پیش نہیں ہوئے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے عمران خان کو متعدد بار طلب کیا اور وہ پیش نہیں ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین کچہری سے کچھ منٹ کے فاصلے پر تھے لیکن پیش نہیں ہوئے۔
سیشن جج نے کہا ہے کہ عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست قابل قبول نہیں، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ترجیحات کے مطابق عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، عدم حاضری ظاہر کرتی ہے کہ توشہ خانہ کیس عمران خان کی ترجیحات کا حصہ نہیں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ تک عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔