لاہور ہائی کورٹ کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفیس نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت پر دستخط مختلف ہونے پر سوال کھڑے کردیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سیشن کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست واپس لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی۔
عمران خان نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست ضمانت پر تین اعتراضات عائد کر دئیے۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دستخط پٹیشن پر دو جگہوں پر مختلف ہیں، عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی، ضمانت قبل از گرفتاری ڈائریکٹ ہائیکورٹ میں کیسے دائر ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ نے بھی ضمانت درخواست پردو مختلف دستخط ہونے پر پی ٹی آئی چیئرمین کو طلب کرلیا تھا، جس کے بعد عمران خان کی معذرت کے بعد عدالت نے معاملہ نمٹادیا تھا۔