اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پرحملے کی رات کی تاریکی میں سازشیں تیارہو رہی ہیں، سیاسی خواہشات پربینچ تشکیل نہیں پاتے، سپریم کورٹ سے چوروں کے تابوت نکلیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چور لٹیرے کہیں گے کہ بینچ بناؤ، یہ نوے کی دہائی کی طرح ججوں کو دھمکانا چاہتے ہیں، اپنے حق میں فیصلے کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بلڈنگ سے آئین و قانون کا فیصلہ آئے گا، گینگ آف فائیو جو اس بلڈنگ کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، یہ چور اپنی چوری چھپانے آئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راجن پور میں کل ان کو پتا لگ گیا ہے، ان کا کفن دفن کا بندوبست کرلیں، چوروں کے تابوت اسی سپریم کورٹ سے نکلیں گے۔
اس سے پہلے ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملوں کی وراثت گینگز آف فائیو نےاگلی نسل میں منتقل کردی ہے، مریم کے بعد بلاول نے بھی عدلیہ کو آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی خواہشات پربینچ تشکیل نہیں پاتے، سپریم کورٹ نے صرف الیکشن کی تاریخ دینی ہے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔