تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے مہنگائی کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔
کراچی، لاہور، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، بہاولپور اور چیچہ وطنی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہڑتال جاری ہے۔
ہڑتال کے نتیجے میں کئی مارکیٹیں اور پٹرول پمپ بند ہوگئے ہیں، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ نقل و حمل کی خدمات جزوی طور پر معطل ہیں۔
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی نے دعویٰ کیا کہ قوم نے ہر کونے سے ان کی ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے، ٹی ایل پی پاکستانیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹی ایل پی ہڑتال کی کال دینے پر مجبور ہے۔
سعد رضوی نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی سے نجات کے لئے ٹی ایل پی کی ہڑتال کی کال کی حمایت کریں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تاجروں کے معاشی قتل عام نے انہیں ہڑتال پر مجبور کیا۔
سعد رضوی نے کہا کہ اگر حکومت نے مقررہ ڈیڈ لائن پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا ہوتا تو آج اتنا بڑا قدم نہ اٹھایا جاتا، حکومت غریبوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے اور یہ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
دوسری جانب ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ جوریہ بازار اور ملحقہ مارکیٹوں سمیت کراچی کی اہم مارکیٹیں آج کھلی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کی حمایت کریں گے لیکن مارکیٹیں بند نہیں کریں گے۔