پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کی تعریف کی ہے۔
شعیب ملک نے پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثانیہ کا ٹینس میں شاندار کیریئر رہا ہے اور اس کے لیے ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔
منگل کو اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والی ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ انہوں نے اب تک جو کچھ بھی حاصل کیا ہے اس پر انہیں فخر ہے۔
لیگ میں کراچی کنگز کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسٹار کرکٹر کا کہنا تھا کہ دو میچز ایسے تھے جو ٹیم کو جیتنے چاہیے تھے۔
شعیب ملک نے کہا کہ دو میچوں میں شکست نے مجھے انفرادی طور پر بے چین کر دیا تھا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی فتح نے کنگز کا بہت اعتماد بڑھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جو کردار دیا گیا ہے اس کے مطابق ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
جب ان سے ان کے اہداف کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل کم از کم 15 ہزار ٹی 20 رنز بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ اس وقت تک کھیلتے رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، جب میدان میں اترنا میرے لیے بوجھ کی طرح محسوس ہونے لگے گا تو میں (ہر فارمیٹ سے) ریٹائر ہو جاؤں گا۔
طلاق کی افواہیں ملک اور مرزا کو کئی مہینوں سے گھیرے ہوئے تھیں، تاہم دونوں نے اس معاملے پر کوئی واضح بیان نہ دے کر اپنے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔