انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا کے ساحل پر پیر کی صبح 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ آچے کے شہر سنگکل سے 48 کلومیٹر جنوب جنوب مشرق میں 37 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا اور یو ایس جی ایس نے اسے ابتدائی پیمائش سے بڑھا کر 6.0 شدت اور 48 کلومیٹر گہرائی میں رکھا۔
انڈونیشیا کی محکمہ موسمیات، آب و ہوا اور جیوفزکس ایجنسی (بی ایم کے جی) نے بھی اس کی شدت 6.2 بتائی ہے اور کہا ہے کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے، جبکہ ملک کے ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا ہے کہ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے بی این پی بی کے ترجمان عبدالمہری نے ایک بیان میں کہا کہ زلزلے کے جھٹکے آچے اور شمالی سماٹرا صوبے کے چار اضلاع میں 3 سے 10 سیکنڈ کے درمیان محسوس کیے گئے۔
انڈونیشیا بحرالکاہل کے "رنگ آف فائر” پر اپنی پوزیشن کی وجہ سے اکثر زلزلے اور آتش فشاں سرگرمی کا سامنا کرتا ہے ، جہاں ٹیکٹونک پلیٹیں ٹکراتی ہیں۔
21 نومبر کو جاوا کے مرکزی جزیرے پر مغربی جاوا صوبے میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 602 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
زیادہ تر متاثرین عمارتوں کے منہدم ہونے یا لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔