واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا نے پاکستان کو آلات فراہم کرنے والی چار غیر ملکی کمپنیوں پر پابندی لگادی۔امریکا کی جانب سے جن کمپنیوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں ان میں چین کی تین اور بیلاروس کی ایک کمپنی شامل ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کمپنیاں پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے آلات فراہم کرتی ہیں۔
امریکی پابندیوں پر ردعمل میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تازہ ترین امریکی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں، پہلے بھی پاکستانی میزائل پروگرام سے متعلق الزامات پر ثبوت کے بغیر تجارتی اداروں کی فہرستیں سامنے آئی ہیں، ماضی میں محض شک پر فہرستیں بنائی گئیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متعدد بار نشاندہی کی ہے کہ ایسی اشیاء کا جائز اور سویلین تجارتی استعمال ہوتا ہے، برآمدی کنٹرول کے من مانے اطلاق سے گریز ضروری ہے۔