قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان جاری میچ 2-2 گول سے برابر ہے۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈکپ فائنل میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 23ویں منٹ میں فرانس کے خلاف گول اسکور کیا۔
ارجنٹینا کے کپتان نے گروپ مرحلے، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور اب فائنل میں بھی گول اسکور کر دیا۔
لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچزکھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔
ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اینجل ڈی ماریا نے 36ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر فرانس کے خلاف 0-2 کی برتری دلادی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دفاعی چیمپئن فرانس نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکی، ارجنٹینا کو 0-2 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی کوشش کی، تاہم 79 منٹ تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔
بعد ازاں، فرانس کے کھلاڑی کیلانی مباپے نے یکے بعد دیگرے 80ویں اور 81ویں منٹ میں گول اسکور کر دیا، اس طرح ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان جاری فائنل 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔