ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے اپنے پاکستان کرکٹ کیریئر ختم کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فواد عالم کے حوالے سے خبریں تھیں کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کرنے اور امریکہ میں ایک نئے باب پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
بہرحال، فواد عالم نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، 37 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بارے میں کسی منصوبے کو حتمی شکل نہیں دی ہے اور یہ افواہیں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ابھی تک کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچا ہوں۔ میں نے نہ تو پاکستان کرکٹ سے علیحدگی اختیار کی ہے اور نہ ہی ریٹائرمنٹ کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے پرعزم ہوں، میرا مقصد آئندہ ایک سے دو سال تک اپنی شمولیت میں توسیع کرنا ہے، یا میرا پیشہ ورانہ سفر کتنا ہی طویل کیوں نہ ہو۔
گزشتہ سال عالم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں چار اننگز میں 33 رنز بنائے تھے، انہوں نے سری لنکا کے خلاف واحد ٹیسٹ میں بھی حصہ لیا اور 25 رنز بنائے۔ اس کے بعد انہیں ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا۔
اپنے پاکستانی کیریئر کے دوران عالم نے 19 ٹیسٹ میچوں میں 38.88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 1011 رنز بنائے ہیں، ان کے کارناموں میں پانچ سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔