ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی سربراہی چھوڑنے کے حوالے سے عوام سے رائے طلب کی تھی اور اب اس کا فیصلہ سامنے آگیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 18 دسمبر کو پول کرایا تھا۔
پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا تھا جس میں 57.5 ووٹرز نے ایلون مسک کو ٹوئٹر کے سی ای او کا عہدہ چھوڑنے کا کہا۔
اس کے مقابلے میں 42.5 فیصد نے ٹوئٹر سربراہ کو برقرار رکھنے کے حق میں ووٹ دیا۔
ایک کروڑ 75 لاکھ سے زیادہ افراد نے ایلون مسک کے پول میں ووٹ ڈالے۔
ایلون مسک نے پول کراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نتائج پر عمل کریں گے، مگر مزید وضاحت نہیں کی۔
البتہ ایک صارف کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی ان کا کوئی جانشین موجود نہیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کو ٹوئٹرکا مالک بننےکے بعد پالیسیوں میں تبدیلی کے حوالے سے شدید تنقید کا سامناہے۔