فرانسیسی ترقیاتی ادارے اے ایف ڈی نے پولیو کے خاتمے کے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت کے فنڈز کے خلا کو پر کرنے کی پیش کش کی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اے ایف ڈی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کے دورے کی تفصیل بتائی گئی ہے۔
وفد نے اسپیشل سیکریٹری صحت سے ملاقات کی اور پولیو کے خاتمے کے لیے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔
یہ وفد صحت اور سماجی تحفظ کے حوالے سے ملک کی مدد کے لیے ایک ہفتے کے دورے پر پاکستان آیا تھا۔
اے ایف ڈی نے این ای او سی میں ایک بریفنگ کے دوران حفاظتی ٹیکوں کی سرگرمیوں، بیماریوں کی نگرانی اور مہم کی نگرانی جیسی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمے کے لیے 2022-2026 پی سی ون کے لیے 55 ملین ڈالر کی فنڈنگ کے خلا کو پر کرنے کا عہد کیا۔
اے ایف ڈی کے وفد کی قیادت ہیلتھ اینڈ سوشل پروٹیکشن کے ڈائریکٹر ایگنس سوکاٹ نے کی، جبکہ گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی قیادت پولیو کے خاتمے کے عالمی سربراہ جے ویگنر نے کی۔
اجلاس کے بعد ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندوں نے کووڈ 19 اور حالیہ سیلاب سے نمٹنے میں پولیو کے بنیادی ڈھانچے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
