پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوویڈ 19 کے کم از کم 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس کے بعد قومی تعداد 1،575،935 ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.59 فیصد رہی جبکہ ملک بھر کے متعدد اسپتالوں میں 22 مریض داخل ہیں۔
مزید برآں ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 تک جا پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں وائرس کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 638 تک جا پہنچی ہے۔
اس سے قبل جنوری میں محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں اومائیکرون ویریئنٹ کے ایکس بی بی اور ایکس بی بی ون سب ویرینٹ کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کی نئی قسم ایکس بی بی اور ایکس بی بی ون کے 6 کیسز سامنے آئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنوبی ایشیائی ملک اب بھی انتہائی متعدی قسم بی ایف سے محفوظ ہے۔