پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے کارکن ظل شاہ کے قتل کے مقدمے میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی۔
معزول وزیراعظم نے اپنے قانونی نمائندے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست جمع کرائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تھانہ سرور روڈ میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں انہیں سیاسی وجوہات کی بنا پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں لاہور ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ انہیں عبوری ضمانت دینے کا حکم جاری کیا جائے۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 19 مئی کو سابق وزیراعظم کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔
سماعت کے دوران عمران خان کی کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل ملک میں جاری سیاسی صورتحال کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا کہ عمران خان آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 19 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
