اسلام آباد: حکومت نے جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کی روک تھام کے لیے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 (پی ای سی اے) میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ قوانین کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ سال وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔
کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی مدد سے اپنا کام تقریبا مکمل کر لیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق کسی خاص شخص یا لوگوں کے گروپ، تنظیم یا دیگر اداروں کی ساکھ اور امیج کو نشانہ بنانے والی جعلی خبروں کو تمام دستیاب ذرائع سے چیک کیا جائے گا۔
جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے اختیارات بڑھانے کے لیے سوشل میڈیا قوانین میں مبینہ طور پر ترمیم کی جائے گی اور سرکاری پورٹلز کی حفاظت کے لئے ایک ‘ای سیفٹی قانون’ متعارف کرایا جا رہا ہے۔
مزید برآں، ممکنہ طور پر پی ای سی اے میں ایک نئی دفعہ شامل کی جائے گی، تاکہ متعلقہ حکام کو سخت کارروائی کرنے کا اختیار دیا جا سکے تاکہ مجرموں کو ان کے جرم کی وجہ سے سزا دی جا سکے۔
پی ٹی اے حکام کا خیال ہے کہ پی ای سی اے 2016 جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے مناسب معاونت فراہم نہیں کرتا۔
ایک رائے یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں ایف آئی اے تقریبا ان تمام شکایات میں بے بس ہے جہاں جعلی خبروں کی نشاندہی کی گئی اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
حالیہ مہینوں میں ان شکایات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے کہ لوگوں کا ایک گروہ مخصوص تنظیموں اور افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہے، اگرچہ شکایات کو حقیقی کے طور پر دیکھا گیا تھا، لیکن حکام مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتے تھے۔
سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان سے کام کرنے یا ملک میں اپنے دفاتر قائم کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ اپنی سائٹس پر موجود مواد کے لئے جوابدہ ہوں۔
