بھارتی ریاست اوڈیشہ میں دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 288 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 850 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اوڈیشہ فائر سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے بھی کہا کہ امدادی کام اب بھی جاری ہے اور بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں۔
چیف سکریٹری پردیپ جینا نے ٹوئٹر پر کہا کہ اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کو ہوئے حادثے کے مقام پر 200 سے زیادہ ایمبولینسوں کو بلایا گیا ہے اور پہلے سے موجود 80 ڈاکٹروں میں سے 100 اضافی ڈاکٹروں کو متحرک کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار سفید کپڑوں میں ملبوس لاشوں کو ریلوے پٹریوں سے ہٹا رہے ہیں۔
زندہ بچ جانے والے ایک نامعلوم شخص نے بتایا، میں سو رہا تھا، ٹرین کے پٹری سے اترنے کے شور سے میں جاگ گیا تھا، اچانک میں نے 10-15 لوگوں کو مردہ دیکھا، میں کوچ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا، اور پھر میں نے بہت سی لاشیں دیکھی۔
جمعے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امدادی کارکن زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کے لیے ٹوٹی پھوٹی ٹرین پر چڑھ رہے ہیں جبکہ مسافر مدد کے لیے پکار رہے ہیں اور ملبے کے پاس رو رہے ہیں۔
یہ تصادم جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریبا شام 7 بجے اس وقت ہوا، جب بنگلور سے مغربی بنگال کے ہاوڑہ جانے والی ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس کولکاتا سے چنئی جانے والی کورومنڈل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
